یہ وقت عوام کو ریلیف دینے کا ہے ، ذخیرہ اندوزی اور قیمتیں بڑھانے کا نہیں ، لیاقت بلوچ

125

 

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی اور سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ یہ وقت عوام کو سہولتیں دینے کا ہے ، ذخیرہ اندوزی اور قیمتیں بڑھانے سے انسانوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا ۔یہ بات انہوں نے وحدت روڈ ، فیروز پور روڈ ، اکبری منڈی کے تاجررہنمائوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے صاحبزادہ ابوالخیر
ڈاکٹر محمدزبیر ، پیر سید ہارون گیلانی ، پیر عبدالرحیم نقشبندی ، علامہ سید ثاقب اکبر ، صاحبزادہ شعیب الرحمن قاسمی ، مولانا ملک عبدالرئوف سمیت مختلف علما اور مشائخ سے فون پر رابطہ کیا ۔ کورونا وبا سے بچائو کی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے عوامی رہنمائی کے لیے منبر و محراب کو استعمال کرنے اور رجوع الی اللہ مہم کے حوالے سے علما کا کردار ادا کرنے پر اتفاق ہوا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ کورونا وائرس متعدی اور قابل علاج مرض ہے ۔ انسانی اموات کی شرح کم ہے لیکن بے احتیاطی وبا پھیلنے اور اموات کا سبب ہے ۔ جماعت اسلامی حکومت اور ریاستی اداروں کی تمام کوششوں کی حمایت کرتی ہے اور جماعت اسلامی کے دفاتر ، اسپتال ، اسکولز اور رفاہی ادارے ہر تعاون کے لیے حاضر ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ یہ بدنما حقیقت عیاں ہوئی ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے بے احتیاطی اور اقدامات میں تاخیرکی حد کردی ۔ پورے ملک میں صحت کی سہولتوں کا بھی بھانڈا پھوٹاہے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی نے اپنی عوامی سرگرمیوں کا رخ کورونا وائرس سے بچائو کے لیے کارکنان اوررضا کاروںکی عوامی رہنمائی اور خدمت کی جانب موڑ دیاہے ۔ پاکیزگی ہی بیماریوں سے محفوظ رہنے کا بڑا ذریعہ ہے ۔ ہر بیماری اللہ کی طرف سے ہے،آزمائش کا خاتمہ بھی اللہ کا اختیار ہے ۔ اہل ایمان اللہ کی طرف لوٹ آئیں ، توبہ و استغفار ، ذکر واذکار گھروں کا معمول بنایا جائے ۔اسکولز اور ادارے بند ہیں اس وقت کو خاندانوں کی اصلاح کے لیے استعمال کیا جائے ۔