قوم کورونا وائرس کے چیلنج سے نبردآزما ہونے کے لیے تیار ہو جائے ، صدر مملکت

89

 

اسلام آباد(اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپیل کی ہے کہ قوم کورونا وائرس کے چیلنج سے نبردآزما ہونے کے لیے تیار ہو جائے، تمام اختلافات کو بھلا کر لوگوں کی مدد کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک پیغام میں کیا۔صدر مملکت نے کہاکہ کورونا کے خلاف جنگ میں باقی سب چیزیں
ثانوی حیثیت کی حامل ہیں، اس کا مقابلہ ہر گھر اور ہر خاندان نے کرنا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی حفاظت بھی یقینی بنائیں اور دوسروں کی بھی مدد کریں۔ انہوں نے کہاکہ میں نے تمام سیاستدانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اختلافات کو بھلا دیں۔ انہوں نے علمائے کرام اور میڈیا پر بھی زور دیا کہ وہ احتیاط اور آگاہی کے پیغام کو پھیلائیں۔ انہوں نے کہاکہ میں نے تمام وزرائے اعلیٰ سے ضروری انتظامات کو یقینی بنانے اور صاحب الرائے اور صاحب استطاعت لوگوں سے بھی مدد کا کہا ہے۔