کراچی: حفاظتی سامان نہ دینے پر سول اسپتال کی نرسوں کااحتجاج

156

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سند ھ کے اسپتالوں میں تعینات طبی و نیم طبی عملے کو کورونا سے بچاؤ کے لیے ضروری حفاظتی انتظامات نہ کرکے انہیں خطرے میں ڈال گیا ہے ۔ سندھ کے کسی بھی سرکاری اور نجی اسپتال میں ڈاکٹروں ، نرسوں ، آیا خاکروبوں کو نہ تو N5 ماسک دیے گئے ہیں اور نہ ہی انہیں
دستانے و سینیٹائزر دیے گئے ہیں جس کی وجہ سے خدشہ ہے کہ اسپتالوں میں تعینات لاکھوں کی تعداد میں یہ عملہ کسی بھی وقت کورونا وائرس کا آسان شکار ثابت ہوسکتے ہیں۔ جمعرات کو کراچی میں سول اسپتال کی نرسوں نے احتجاج بھی کیا کہ انہیں کورونا سے بچاؤ کے لیے سادے سرجیکل ماسک دے دیے گئے ہیں جو کہ کورونا سے بچاؤ میں کسی بھی طرح سے معاون نہیں ہیں ۔سندھ حکومت نے کورونا سے بچاؤ کے لیے لاک ڈاؤن تو کردیا ہے مگر جہاں پر سب سے زیادہ کورونا سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے وہ اسپتال ہیں مگر انہیں ہی کم سے کم ضروری بنیادی سامان ماسک اور دستانے مہیا نہیں کیے گئے ہیں ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ تمام ہی سرکاری اور نجی اسپتالوں میں نہ صرف N5 ماسک اور دستانے مہیا کیے جائیں بلکہ سرکاری اسپتالوں میں صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ سرکاری اسپتالوں میں وارڈز میں عمومی طور پر اور بیت الخلا خصوصی طور پر حکومت کی توجہ کے منتظر ہیں ۔ حکومت نمائشی طور پر ائرپورٹوں اور دیگر مقامات پر اسپرے تو کررہی ہے مگر اسپتالوں پر جو جراثیموں کا گھر ہیں ، پر کوئی توجہ نہیں ہے ۔