ہمارا لاک ڈائون کرنے کا کوئی پروگرام نہیں ہے،وزیر اعلیٰ پختونخوا

81

ڈیرہ اسماعیل خان (اے پی پی) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا اللہ کی مدد سے مقابلہ کرنا ہے ، صوبے کے تمام تر وسائل اس وبا کے انسداد پر لگادیے ،ہمارا لاک ڈائون کرنے کا کوئی پروگرام نہیں ہے ، صرف مخصوص جگہوں کو لاک ڈائون کیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ ہنگو
میں ایک شہری کی ہلاکت ہوئی اور ہم نے وہاں کے 40 گھروں کو لاک ڈائون کیا۔وہ گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں گومل میڈیکل کالج میں قائم کردہ قرنطینہ کے معائنے کے بعد ڈپٹی کمشنر جرگہ ہال میں پریس کانفرنس کررہے تھے ۔انہوںنے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم قرنطینہ سینٹر میں ایک متاثرہ مریض کے لیے ایک کمرہ مختص کیا ہے ،جہاں تمام سہولیات مہیا کی جائیں گی، خیبر میڈیکل کالج میں ٹیسٹوں کی سہولت100 بڑھا کر 600 مریضوں تک کی جائے گی ،تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹر اسپتالوں میں سہولیات پہنچانے کے لیے سروے کرلیاہے۔انہوںنے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ حکومت سے تعاون کریں ، گھروں سے غیر ضروری باہر نہ نکلیں ، ، فیس ماسک اور دیگر طبی اشیا کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جارہے ہیں ، گرانفروشی ،ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے،ضلعی انتظامیہ کو احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔