لاہور ہائیکورٹ: مریم نواز کی درخواستوں پر سماعت کرنے والابینچ تحلیل

55

لاہور(نمائندہ جسارت)نئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے سابق وزیراعظم میاں محمدنواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی دائر کردہ درخواستوں پر سماعت کرنے والا لاہورہائی کورٹ کا2 رکنی بینچ تحلیل کردیا،جس کے بعد نئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس سردار احمد شیخ کی سربراہی میں ایک نیا 2 رکنی بینچ تشکیل دے دیا ہے،جس میں
جسٹس فاروق حیدر بھی شامل ہیں۔علاوہ ازیںلاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس جسٹس محمد قاسم خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی اینٹی کرپشن عدالت کے جج بہادر علی خان کو رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ تعینات کردیا ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان کا چارج سنبھالنے کے بعد رجسٹرار کا تبادلہ ان کا پہلا حکم تھا۔ مزید برآں انہوں نے 48 ایڈیشنل اینڈ سیشن ججوں سمیت7 سول ججوں کے بھی تبادلے کردیے ہیں،جن کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جب کہ لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس جسٹس محمد قاسم خان نے احتساب عدالت نمبر 3 اور احتساب عدالت نمبر 6 کے ججوں کو تبدیل کردیا ہے ۔ رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے احتساب عدالت نمبر 6 کے جج امیر محمد خان کو تبدیل کر کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جھنگ تعینات کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ احتساب عدالت نمبر 3 کے جج خلیل احمد ناز کو تبدیل کر کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجن پور تعینات کیا ہے۔ تبدیل ہونے والے دونوں ججز نیب کیسز کی سماعت کرتے تھے۔