کراچی ، جیل انتظامیہ پریشان،قیدیوں کی رہائی کی سفارش

86

کراچی/سکھر (اسٹاف رپورٹر/آن لائن) کورنا وائرس سے بچنے کی احتیاطی تدابیر جیل انتظامیہ کے لیے درد سر بن گئی ہیں، سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل نے مخصوص قیدیوں کو رہا کرنے کی سفارش کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی سینٹرل جیل میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کی موجودگی سے صورت حال
انتہائی تشویش ناک ہو گئی ہے، سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل نے آئی جی جیل خانہ جات کو خط لکھ کر مخصوص قیدیوں کی رہائی کی سفارش کر دی۔ سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل نے خط میں کہا ہے کہ ایسے قیدی جن کی عمر 65سال اور 15سال سزا کاٹ چکے ہیں، ایسے قیدی جو اپنی سزائیں ایک تہائی پوری کر چکے ہوں اور وہ قیدی جو پے رول پر پورا اترتے ہوں ان کو پے رول گرانٹ کی جائے۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ آئی جی جیل نے اس خط سے متعلق محکمہ جیل خانہ جات سندھ اور داخلہ کو آگاہ کر دیا۔علاوہ ازیں سینٹرل جیل سکھرانتظامیہ نے اسکریننگ اور ٹیسٹ رپورٹ کے بغیر 6نئے قیدیوں کو لینے سے انکار کردیا، ایک قیدی کے لیے سیکٹروں قیدیوں کی زندگیاں دائو پر نہیں لگا سکتے ، سینٹرل جیل کے جیل سپرنٹنڈنٹ راجا ممتازنے بتایا کہ کورونا وائرس کے کے سبب میڈیکل رپورٹ اور ٹیسٹ کے بعد ہی قیدیوں کو لیا جائے گا ،صرف ضروری پیشی پر قیدیوں کو لایا جا رہا ہے، کلاسز پر بھی پابندی ہے،قیدیوں کو اپنی اپنی بیرکس تک محدود کیا گیا ہے،جیل میں ملاقات پر بھی پابندی ہوگی ، سکھر سینٹرل جیل میں 1350 قیدی ہے۔