امریکا: کم آمدنی والوں کو ہزار ہزار ڈالر کے 2 چیک ملیں گے

174

کراچی (انٹر نیشنل ڈیسک) امریکی حکومت نے کورونا وائرس کے حوالے سے ہنگامی اقدامات کے طور پر کم آمدنی والوں کو 6 ہفتوں کے دوران ہزار ہزار ڈالر کے 2 چیک دینے کا اعلان کیا ہے، لاک ڈاؤن کی وجہ سے متاثر ہونے والے روز مرہ کاروبار اور کام کرنے والے چھوٹے تاجروں کی بھی
مالی مدد کی جائے گی جبکہ یہ حکم بھی جاری کردیا گیاہے کہ کسی کرایہ دار کو کرایہ ادا نہ کرنے پر گھر سے نہیں نکالا جاسکے گا، ضعیف اور بڑی عمر کے لوگوں کے لیے گروسری اسٹورز کھلنے سے قبل 2 گھنٹے خریداری کے لیے موقع دیا جاتا ہے تاکہ انہیں رش میں دھکا نہ لگے۔ امریکی محکمہ صحت نے دواؤں اور طبی اشیاء سے بھرے 2 طیارے مشرقی اور مغربی ساحل کی جانب بھیج دیے ہیں جہاں امریکا بھر سے مریضوں کو منتقل کیا جائے گا۔ امریکا میں بھی ماسک اور سینی ٹائزر کی قلت یا بحران پیدا ہوگیا ہے اس کے ساتھ ساتھ وینٹی لیٹرز کے لیے امریکی فوج کو بھی ہدایت کردی گئی ہے کہ ضرورت پڑنے پر وہ بھی اپنے پاس موجود وینٹی لیٹرز حکومت کے حوالے کردے۔ بوڑھے مریضوں کے لیے ڈاکٹروں اور اسپتالوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان کے ٹیلیفون کرنے پر عملہ ان کے گھر جاکر طبی امداد دے۔ دوسری طرف حکومت مہنگائی سے پریشان ہے، ہرچیز کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے عوام اور تاجر ریلف پیکیج کا مطالبہ کر رہے ہیں۔