لاک ڈائون مہنگائی کے شکارغریبوں کے لیے المیہ ہوگا ،ممتاز سہتو

276

نواب شاہ (نامہ نگار) جماعت اسلامی کا ایک اجلاس دفتر جماعت اسلامی میں منعقد ہوا جس میں صوبائی نائب امیر ممتاز حسین سہتو ایڈوکیٹ اور امیر ضلع سرور احمد قریشی اور امیر شہر فیصل ہمایوں بھی شریک تھے۔ممتاز حسین سہتو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بروقت حکومتی
اقدامات نہ ہونے سے ملک خصوصاً سندھ میں مریضوں میں اضافہ ہوا ہے اس سے نمٹنے کے لیے لاک ڈائون کا سہارا لیا جارہا ہے جس سے مہنگائی کے شکار افراد خصوصاً دیہاڑی دار افراد کے لیے ایک بڑا المیہ پیدا ہو سکتا ہے حکومت کو اس کا احساس ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کورونا سے بچائو کے لیے عوام میں شعور پیدا کر سکتا ہے لیکن وہ ریٹنگ کی دوڑ میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کے لیے خوف و ہراس کی فضا پیدا کر رہا ہے ۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے کارکنان پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو رجوع الیٰ اللہ کی دعوت دیں اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق، حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل اور استغفار کی بدولت ان شاء اللہ ہم اس مشکل دور سے بآسانی گزر جائیں گے ۔اجلاس میں ائمہ کرام اور خطیب حضرات سے اپیل کی گئی کہ خطبات جمعہ میں لوگوں کو اللہ کی طرف رجوع کرنے اور استغفار کی اہمیت پر اپنی گفتگو رکھیں اور اس موذی مرض کے مقابلے کے لیے تیار کریں ۔بعد ازاں انہوں نے سابق ضلعی امیر پروفیسر اعجاز عالم سے ان کے داماد اور رکن جماعت اسلامی شمس الدین سے ان کی اہلیہ کے انتقال پر ان کے گھروں پر جاکر اظہار تعزیت کیا اور مرحومین کے لیے مغفرت کی دعا کی۔