کورونا ، احتساب عدالت میں حمزہ شہبازسمیت کسی ملزم کوپیش نہ کیاجاسکا

78

لاہور(نمائندہ جسارت) کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر لاہور کی احتساب عدالتوں میں لیگی رہنماحمزہ شہباز،خواجہ برادران اورعام ملزموں کوپیش نہیں کیا گیا۔ جبکہ آشیانہ اسکینڈل ریفرنس کے ملزم سابق بیوروکریٹ فواد حسن فواد کوپیش نہ ہونے پرعدالت نے شوکاز نوٹس جاری کردیا۔احتساب عدالتوں میں آشیانہ اقبال، رمضان شوگرملز اور پیرا
گون اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی،عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر ملزکیس کی سماعت 27 مارچ تک ملتوی کر دی، آشیانہ اقبال سکینڈل کیس میں سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی جانب سے انکے نمائندے نواز ایڈووکیٹ نے حاضری مکمل کرائی،شریک ملزموں احد چیمہ،شاہد شفیق کو بھی کورونا کے خدشے کے باعث جیل سے عدالت پیش نہیں کیا گیا، عدالت نے فواد حسن فواد کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 27مارچ تک ملتوی کردی،دوسری جانب عدالت نے خواجہ برادران کیخلاف پیراگون ہاوسنگ سکینڈل کیس کی سماعت8 اپریل تک ملتوی کردی، عدالت نے آئندہ سماعت پرعزیز بھٹی ٹاون کے پٹواری ریاض حسین کوزمینوں کے ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔