کورونا نے میئر کراچی کو جگادیا ،اسپرے مہم شروع کرنے کا اعلان

380

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر فوری اقدامات کرتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر میں جراثیم کش اسپرے مہم کا آغاز کردیا ہے، 40 گاڑیاں روزانہ کی بنیاد پر ہر ضلع میں اسپرے کریں گی، بدھ کو ضلعجنوبی کی یوسیز میں 40گاڑیوں کی مدد سے اسپرے کیا گیا جبکہ جمعرات کی شام کو ڈسٹرکٹ ایسٹ میں جراثیم کش اسپرے کیا گیا ، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے دونوں ضلعی چیئرمینوں کو اسپرے کے لیے 40 گاڑیاں مع عملہ فراہم کیا اور ان کی نشاندہی پر مختلف کھلے مقامات اور علاقوں میں اسپرے کے لیے ان کے دفاتر سے گاڑیاں روانہ کی گئیں، میئر کراچی وسیم اختر نے محکمہ جاتی افسران کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپرے کے دوران گنجان آباد علاقوں خصوصاً اندرونی گلیوں، ندی ، نالوں میں اسپرے کیا جائے اور اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ کوئی علاقہ باقی نہ رہے، اسپرے مہم کے دوران جن مقامات پر اسپرے کرنے والی گاڑیوں کا جانا دشوار ہو وہاں دستی اسپرے مشینوں کے ذریعے اسپرے ممکن بنایا جائے، کے ایم سی اور ڈی ایم سیز اپنے دستیاب وسائل اور افرادی قوت کے ساتھ اسپرے مہم کو موثر انداز میں کامیاب بنائیں اور اس کے لئے یہ ضروری ہے کہ عوام میں بھی شعور اور آگاہی بیدار کی جائے اور جن علاقوں سے اسپرے نہ ہونے کی شکایات موصول ہوں وہاں فوری طور پر اسپرے ٹیم روانہ کی جائے تاکہ شہر کا کوئی بھی علاقہ اسپرے سے محروم نہ رہے۔ اسپرے مہم کے دوران روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے انہوں نے کہا کہ یہ مہم تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی۔