ایس آئی یو ٹی میں کورونا وائرس کی تشخیص شروع

181

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ انسٹی ٹیویٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) میں کورونا وائرس کی تشخیص شروع کردی گئی، سہولت مخصوص علامتوں کے حامل افراد کو دی جا ئے گی۔ ایس آئی یو ٹی کی جاری کردہ پریس ریلیزکے مطابق یہ اسکریننگ ٹیسٹ کی سہولت سندھ حکومت کے بروقت تعاون سے فراہم کی جا رہی ہے ۔ سندھ حکومت کے اس تعاون کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے کیوں کہ اس سے وہ تمام مریض جنہیں کورونا کے جراثیم سے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے انہیں بہت سہولت حاصل ہوگی۔ ایس آئی یو ٹی کی پریس ریلیز کے مطابق لوگوں کو چوبیس گھنٹے اور ہفتے کے سات دن کورونا کی تشخیص کے لیے یہ سہولت میسر ہو گی۔ واضح رہے کہ ایس آئی یو ٹی میں 3ہزار سے زائد مریض مستقل بنیادوں پر ڈائیلائسز کی سہولت حاصل کرتے ہیں جن میں تقریباً ایک ہزار مریض 24گھنٹے میں ڈائیلائسز کے سیشنز سے علاج کی سہولت حاصل کرتے ہیں۔ یہ علاج بالکل مفت فراہم کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ 5ہزار ٹرانسپلانٹ اور 3ہزار کینسر کے مریض بھی فالو اپ کے لیے آتے ہیں۔