تعلیمی ادارے کھولنے پرکارروائی اور تالابندی

370

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورونا وائرس سے بچنے کیلیے تعلیمی اداروں کو مکمل طور پر بند رکھنے کے احکامات کراچی کے نجی تعلیمی اداروں نے ہوا میں اُڑا دیے اورشہر کے متعدد علاقوں میں نجی تعلیمی ادارے کھلے رہے ،جہاں اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف بھی موجودتھا ،تاہم ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ نے کارروائی کرتے ہوئے اسکول اور کوچنگ سینٹر ز بند کرادیے ۔ بتایا جاتا ہے کہ فائیو اسٹار چورنگی پر واقع فیلکن ہاؤس اسکول کے بارے میں شکایات موصول ہوئیں کہ یہاں اساتذہ اور اسٹاف کو بلایا جا رہا ہے جس پرڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کی رجسٹرار رافعہ جاوید نے نجی اسکول فیلکن ہاؤس میں بھی عملے کو طلب کرنے کی اطلاع پر کارروائی کی۔ ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کی رجسٹرار رافعہ جاوید کا کہنا ہے کہ ہم تعلیم کے دشمن نہیں مگر تعلیمی اداروں کو کورونا وائرس کے خطرات کوسمجھنا چاہیے۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے جیل روڈ پر واقع مدرسہ انوار القادریہ میں بچوں کو مدرسہ کے اوقات میں کھلے عام پڑھایا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں ڈائریکٹریٹ آف انسپکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن کی ٹیم نے گلشن اقبال بلا ک 6میں قائم فارچون ہاؤس اسکول میں عملے کو بلانے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام اساتذہ کو گھر بھیج دیا اور ادارے کو تالا لگا دیا۔ پارسی کالونی میں قائم ایک کوچنگ سینٹر کی شکایت بھی ملی تھی جس پر پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن نے ایکشن لیتے ہوئے بند کرادیا۔ واضح رہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کو مکمل طور پر بند کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ حکومتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہوا ہے۔