عوام ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں،شاہی سید

339

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے عوام سے صبروتحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام موجودہ حالات میں ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں، ملک میں کورونا وائرس کی موجودگی کے حوالے سے اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید نے اپنے بیان میں عوام سے اپیل کی ہے کہ یہ کچھ دن تکلیف دہ ہیں،ذخیرہ اندوزی کی کوششوں سے غریب عوام کی پریشانی میں اضافہ ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ کراچی شہر اس وقت لاک ڈاؤن کی کیفیت میں ہے، معاشی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہیں، صوبائی اور وفاقی حکومتوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ موجودہ حالات میں عوام کو بجلی اور گیس کے بلوں میں ریلیف فراہم کیا جائے، حکومت ڈیلی ویجز پر کام کرنے والوں کے لیے خصوصی امدادی پیکیج کا اعلان کرے، انٹر سٹی بس سروس بند ہونے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ کچھ دنوں میں انٹر سٹی بس سروس دوبارہ بحال ہوجائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے تمام حکومتی اقدامات کی حمایت کرتے ہیں، باہمی اتحاد اور اتفاق سے ہی ہم اس مشکل وقت سے نکل سکتے ہیں۔