پی ایم اے :کورونا وائرس پر افواہوں سے نمٹنے کیلیے معلوماتی سیل قائم

168

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اپنے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کراتی ہے اور کورونا وائرس سے متعلق افواہیں اور غلط معلومات کے سدباب کے لیے پی ایم اے کراچی نے ایک معلوماتی سیل قائم کیا ہے جو میڈیا کو مستند معلومات فراہم کرے گا، اس بات کا فیصلہ پی ایم اے کراچی کے ایک اجلاس میں ہوا جو پی ایم اے ہائوس سر آغا خان سوئم روڈ کراچی میں منعقد ہوا، اس اجلاس میں پی ایم اے کراچی کے سینئر اراکین اور ماہرین نے شرکت کی اور کورونا وائرس کے خطرات، ان سے بچائو اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ پی ایم اے کراچی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبدالغفور شورو کے مطابق اس اجلاس میں عوام الناس اور خصوصی طور پر اسپتالوں اور دیگر کارکنان بشمول ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی سیکورٹی کے لیے تجاویز پیش کی گئیں جن کے مطابق عوام کو نہایت ایمرجنسی کے سوا اسپتالوں کی او پی ڈی جہاں مریضوں کا بے انتہا رش ہوتا ہے اور جس سے ایک دوسرے کو وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے اس سے گریز کرنا چاہیے، عوام سے درخواست ہے کہ وہ اپنے گھروں تک محدود رہیں، لوگوں سے کم سے کم ملاقات کریں اور بار بار ہاتھ دھوئیں، بیماری کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں ہیلپ لائن کے ذریعے ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔