وزیراعلیٰ یومیہ روزی کمانے والوں کا بھی خیال کریں، مفتی منیب

84

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے کہا ہے کہ دیگر وزرائے اعلیٰ کے مقابلے میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کورونا کی وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے زیادہ فعالیت اور حسن کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے جو قابل تحسین ہے، ہم خیر کے کاموں میں تعاون اپنی دینی ذمے داری سمجھتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ وزیر اعلیٰ کی توجہ اس جانب مبذول کرانا چاہتے ہیں کہ یومیہ روزی کمانے والے شدید مشکل میں ہیں اور یہ بھی ایک انسانی مسئلہ ہے، لہٰذا ان کے لیے کوئی درمیانی راستہ نکالیں تاکہ یہ مہم کسی کے لیے بلا نہ بنے اور لوگوں کی دعائیں سمیٹیں۔ انہوں نے کہاکہ اس کے ساتھ ساتھ ہم پوری قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ اس موقع پر حب الوطنی کا ثبوت دے اور حکومت کے ساتھ تعاون کیا جائے، اس مرض کا علاج صرف اور صرف احتیاط میں ہے، لہٰذا سب احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، نیز جمعۃ المبارک کو انفرادی اور اجتماعی طور پر توبہ، دعا اور استغفار کریں۔انہوں نے مزید کہاکہ اسی طرح ہم تاجروں سے اپیل کرتے ہیں کہ یہ ایثار کا موقع ہے، انسانیت نوازی کا موقع ہے، لوگوں کے دکھ درد بانٹنے کا موقع ہے، اسے ذخیرہ اندوزی اور نفع اندوزی کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔