صورتحال پرقابو پانے کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر اتفاق

241

اسلام آباد(صباح نیوز+اے پی پی) ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال اور اس پر کنٹرول کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا، یہ اتفاق وزیر اعظم عمرا ن خان اور اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کے درمیان ملاقات میں ہوا،وزیر اعظم ہاؤس سے
جاری تفصیلات کے مطابق ملاقات میں کورونا وائرس کی صورتحال اور کنٹرول کے حوالے سے حکومتی سطح پر کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وزیر اعظم کا کہناتھا کورونا وائرس پر کنٹرول کے حوالے سے چین کا تعاون قابل ستائش ہے، کورونا وائرس پر کنٹرول اور اس کے اثرات سے عوام اور ملکی معیشت کو محفوظ رکھنے کے لیے بین الاقوامی اداروں سے بھی رابطے میں ہیں انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے تمام وسائل کو برے کار لایا جائے گا وزیر اعظم نے کہا کہ کرونا کے حوالے سے ڈرنے کی بجائے احتیاطی اقدامات اختیارکیے جائیں۔ علاوہ ازیںوزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک بھر میں یکساں نصاب تعلیم رائج کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیرِ تعلیم شفقت محمود، سیکرٹری ایجوکیشن، و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک بھر میں یکساں نصاب تعلیم کو رائج کرنا یقینی بنایا جائے ،وفاقی حکومت اس کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ نصاب کی کتابوں کی اشاعت کے حوالہ سے مافیا کے عمل دخل کو مکمل طور پر ختم کیا جائے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پہلی سے پانچویں جماعت تک متفقہ نصاب تیار کر لیا گیا ہے، بارہویں جماعت تک کا یکساں نصاب مرتب کرنے کا کام مارچ 2022ء تک مکمل کر لیا جائے گا، وزارت تعلیم نے پی ٹی وی کے ذریعے 7 گھنٹوں کی تعلیمی نشریات کا اہتمام کیا ہے تاکہ طلبہ کی تعلیم کا حرج نہ ہو۔