یو اے ای نے غیرملکی پروازوں کے داخلے پرپابندی عاید کردی

491

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورونا کے باعث دنیا بھر میں سرحدی پابندیوں کو سخت کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ جمعرات کو متحدہ عرب امارات نے بھی غیرملکی پروازوں پر فوری پابندی عاید کردی جبکہ
بھارت نے 22 مارچ سے ملک بھرمیں بین الاقوامی پروازوں پر پابندی عاید کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے جمعرات کی صبح اچانک پابندی عاید کرنے کی وجہ وہ تمام فضائی کمپنیاں شدید پریشانی کا شکار ہوگئیں جن کے طیارے مسافروں کو لے کر متحدہ عرب امارات کے لیے پرواز کرچکے تھے ۔ پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے بھی 3 طیارے دبئی ، شارجہ اور ابوظہبی کے لیے فضا میں تھے۔ اچانک پابندی عاید کرنے کی بنا پر ہونے والے مسئلے کے حل کے لیے پاکستان نے فوری طور پر متحدہ عرب امارات سے رابطہ کیا جس کے بعد پاکستانی طیاروں کو متحدہ عرب امارات کے ہوائی اڈوں پر اترنے کی اجازت دے دی گئی ۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے عاید کی جانے والی پابندیوں کے بعد وہاں سے صرف پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے فیری فلائٹس کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے پابندی عاید ہونے کے بعد پاکستان کی ساری فضائی کمپنیوں نے متحدہ عرب امارات کے لیے اپنی آئندہ پروازیں فوری طور پر منسوخ کردی ہیں۔ بھارت نے اعلان کیا ہے کہ 22 مارچ سے کسی بھی غیر ملکی باشندے کو بھارت میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ 65 برس سے زاید عمرکے افراد اور 10 برس سے چھوٹے بچوں کے بھی باہر نکلنے پر پابندی عاید کردی ہے۔ بھارتی حکومت نے ریاستوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ نجی شعبے کے ان افراد کو جو گھر سے کام کرسکتے ہیں ، گھروں تک محدود رکھنے کے لیے اقدامات کرے ۔ ہوائی جہازوں اور ریلوے میں سینئر سٹیزن کو دی جانے والی مراعات بھی معطل کردی گئی ہیں۔ مرکزی حکومت کے دفاتر میں بھی ملازمین کے گروپ بنادیے گئے ہیں جو ہر متبادل ہفتے میں کام اور آرام کریں گے ۔