کورونا وائرس نے 49امریکی فوجیوں کو نشانہ بنالیا

436

واشنگٹن : امریکی فضائیہ کے 7 اہلکاروں سمیت 49 امریکی فوجی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

امریکی وزارت دفاع ‘پینٹاگان’ کا کہنا ہے کہ فضائیہ کے 7 اہلکاروں سمیت 49 امریکی فوجی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جبکہ ایک دن میں 36 مزید فوجی کورونا وائرس کا شکار ہوئے، جن کےٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ کورونا کا شکار ہونے والے دو ہوابازوں کو قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے۔

قبل ازیں گزشتہ روز امریکی محکمہ دفاع کے اجلاس میں کورونا بحران کے دوران فضائی سروسز کے دوران فضائیہ کے عملےکی ضروریات، ضروری طبی سامان کی فراہمی، ٹیموں کی نقل وحرکت اور دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا جبکہ کورونا وائرس کے باعث فوجی مشقوں کو  ملتوی کردیا گیا۔

امریکی فضائیہ کے چیف آف اسٹاف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 7 اہلکار کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں جبکہ 14 سویلین ملازمین، اور 7 ٹھیکیدار بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

امریکی اخبار “واشنگٹن پوسٹ” کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 100 ہو گئی ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ مرنے اور بیمار ہونے والے زیادہ تر افراد عمر رسیدہ ہیں۔

امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ فوت ہونے والے پہلے بیماریوں کی وجہ سے کافی کم زور تھے اور ان کیلئے کورونا جیسے مہلک وائرس سے لڑنا مشکل تھا۔ ان میں ذیابیطس، گردے جیسے امراض کے شکار افراد شامل تھے۔