ڈی جی خان قرنطینہ میں سہولیات کا فقدان ہے، عظمیٰ بخاری

133

لاہور (آن لائن) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ڈی جی خان قرنطینہ میں حکومت نے زائرین کے لیے کوئی میڈیکل سہولیات مہیا نہیں کی گئی، ڈی جی خان میں پنجاب حکومت کے قرنطینہ میں 750زائرین کو 14 روز سے قیدیوں کی طرح رکھا گیا ہے۔ ڈی جی خان کے قرنطینہ میں 750 قیدیوں کو حکومت کی جانب سے کھانے پینے سمیت کوئی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی۔ 750زائرین کو چودہ روز بعد بھی قرنطینہ سے نہیں نکالا جارہا ہے۔ 14 دنوں کے دوران کوئی حکومتی شخصیت یا میڈیکل ٹیم ان زائرین کے پاس نہیں پہنچی۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ چیف جسٹس پاکستان نے بھی کہہ دیا ہے پاکستان میں کورونا حکومت کی نااہلی کی وجہ سے آیا ہے۔ وفاق اور پنجاب حکومتیں نمود نمائش کے بجائے زائرین کے حالات پر رحم کریں۔ پنجاب حکومت کی بے حسی اور نا اہلی پوری طرح عیاں ہو چکی ہے۔ پنجاب حکومت ڈی جی خان میں تمام ضروری اور حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائے۔