ایم ڈی پاکستان بیت المال کی ڈاکٹر حفیظ شیخ سے ملاقات

125

اسلام آباد(اے پی پی) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عبّاس بپّی نے کہا ہے کہ سماجی تحفظ کے میدان میں درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے خاطر خواہ نتائج بر آمد ہو رہے ہیں اور ملک بھر کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے مستحقین کو بھی مستفید کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر حفیظ شیخ سے ملاقات کے دوران کیا۔ ڈاکٹر حفیظ شیخ کو ان اقدامات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا جن کی مدد سے معاشرے کے نادار اور کمزور افراد کے لیے مفت علاج ، تعلیمی وظائف، معاشی بحالی و خود انحصاری جیسے اقدامات کی بدولت انہیں معاشی و سماجی حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ایم ڈی پاکستان بیت المال نے بتایا کہ ایسے پسماندہ اضلاع کی نشاندہی کی گئی ہے جنہیں ماضی میں محروم رکھا گیا اور ادارے کے دستیاب بجٹ کو ایسے اضلاع کی آبادی اور غربت کے تناسب سے مختص کردیا گیا ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر کی طرف سے ادارے کے صوبائی ڈائریکٹرز کو اختیارات منتقل کیے گئے ہیں تاکہ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ضرورت مند افراد کو ان کی دہلیز پر دادرسی کو یقینی بنایا جاسکے۔حفیظ شیخ نے پاکستان بیت المال کے عوامی فلاحی اقدامات کو سراہا اور منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال کی تجویز پر عمل کرتے ہوئے بیت المال کے تمام علاقائی دفاتر کے اسائنمنٹ اکاؤنٹس کھولنے اور سہ ماہی بنیادوں پر فنڈز منتقل کرنے کی یقین دہانی کرائی تاکہ مستحقین کی بہتر انداز سے اوربروقت اعانت کی جا سکے۔