کورونا وائرس سے ڈرنا نہیں ہرانا ہے، مونس الٰہی

95

لاہور (آن لائن) مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی کے رکن مونس الٰہی نے کہاہے کہ کورونا وائرس سے ڈرنا نہیں اسے ہرانا ہے، احتیاطی تدابیر سے اپنی اور دوسروں کی زندگی کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔ کورونا وائرس کی شکست ہمارے اپنے ہاتھ میں ہے۔ ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے سب سے اہم احتیاط اپنے ہاتھوں کو جراثیم سے پاک اور صاف رکھنا ہے، مسلم لیگ کورونا وائرس کے خلاف سوشل میڈیا پر بھرپور آگاہی مہم شروع کر رہی ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ کورونا وائرس کے امتحان میں دھیان، دوا اور دعا سے پاکستان کامیاب ہو گا۔ انہوں نے 4 احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جراثیم سے بچنے کے لیے اپنے ہاتھ ہر وقت صاف رکھیں، چھینک یا کھانسی میں اپنا چہرہ ٹشو پیپر یا بازو کے ساتھ ڈھانپیں، دوسروں سے مناسب فاصلہ رکھ کر ملاقات کریں اور بخار، کھانسی یا سانس میں دشواری کی صورت میں فوراً قریبی ڈاکٹر یا حکومت کی قائم کردہ ہیلپ لائن 1166 یا 1033 سے رابطہ کریں۔ مونس الٰہی نے کہا کہ احتیاط کرنے سے آپ ان شاء اللہ کورونا وائرس سے محفوظ رہیں گے۔