لاہور ہائیکورٹ کا فواد حسن کی ضمانت کا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں چیلنج

238

اسلام آباد (آن لائن) نیب نے فواد حسن فواد کے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری کے لاہور ہائیکورٹ کے 21جنوری 2020 کے فیصلے کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کردیا ہے۔ عدالت عظمیٰ میں ایڈووکیٹ آن ریکارڈ محمد شریف جنجوعہ کے توسط سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے شواہد کو نظر انداز کرتے ہوئے فواد حسن فواد کو ضمانت دی،ملزم کے اپنے اور رشتے داروں کے نام پر بڑی تعداد میں ایسی جائیدادیں موجود ہیں جو ظاہر کردہ جائیداد سے کہیں زیادہ ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے نیب کے پیش کردہ شواہد کا درست جائزہ نہیں لیا جس کے باعث انصاف قائم نہیں رہ سکا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ فواد حسن فواد کی ضمانت کیخلاف لاہور ہائیکورٹ کے ضمانت بعد از گرفتاری کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔ نیب نے 5 جولائی 2019ء کو فواد حسن فواد کو اختیارات کے ناجائز استعمال پر گرفتار کیا تھا۔