زندگیاں محفوظ بنانے کے لیے آخری حد تک جائینگے، عثمان بزدار

285

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان،جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید، صوبائی وزیر قانون راجا بشارت، صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے غیر معمولی اقدامات کرنا ضروری ہوتے ہیں۔صوبے کے عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔ کورونا کے خلاف جنگ جیتنے کے سوا کوئی آپشن نہیں۔ سیاسی اور عسکری قیادت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ایک صفحے پر ہے۔اجلاس میں کورونا وائرس کے خلاف ایکشن پلان پر مؤثر طور پر عملدرآمد پر اتفاق کیا گیا اور اجلاس کے شرکاء نے کورونا وائرس سے عوام کو بچانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔ عسکری قیادت کی جانب سے سول حکومت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وائرس سے بچائوکے لیے کیے جانے والے حکومتی اقدامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے جانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیاگیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ پنجاب کے داخلی راستوں پر نقل و حرکت اور اسکریننگ کا نظام مزید موثر بنایا جائے گا۔