وفاقی وزیر تعلیم کا ملک بھر میں یکم جون تک تمام امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان

168

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان میں کیمبرج سسٹم سمیت تمام بورڈز کے امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں‘ حالات بہتر ہونے کی صورت میں بورڈز کے امتحانات یکم جون کے بعد ہوں گے ‘ کورونا وائرس سے متعلق جائزہ لیتے رہیں گے‘ طلبہ کے تحفظ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں‘ وزیر اعظم عمران خان کو ان تمام فیصلوں اور صورتحال سے آگاہ کیا ہے‘ 27 مارچ کو بین الصوبائی وزرا کانفرنس طلب کی گئی ہے جس میں 5 اپریل کے بعد اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا‘ فیڈرل بورڈ میں ایک مرکز میں پیپر مارکنگ کرنے والوں کی تعداد40 سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کیمبرج امتحانات کا فیصلہ کیمبرج سسٹم نے کرنا ہے کیونکہ باقی جگہوں پر بھی امتحانات نہیں ہوں گے‘ گزشتہ انٹر پراونشل میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ یونیورسٹی میں داخلوں کے شیڈول کو بھی ایک ماہ کے لیے ملتوی کردیا جائے‘ ہم نے یونیورسٹیوں کو بھی ہاسٹل خالی کرانے کی ہدایت کی لیکن صرف غیر ملکی طلبہ ہی ہاسٹل میں رہ سکتے ہیں‘ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ گھروں میں پڑھائی کا کوئی ایسا طریقہ کار اپنایا جائے کہ بچے آن لائن لیکچر لے سکیں‘ اس حوالے سے پی ٹی وی سے بات چیت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات کا معاملہ اسکول بندش سے الگ رکھا ہے‘ اسکولوں کو کھولنیکا فیصلہ حالات کا جائزہ لے کر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور پروفیسر کا اداروں میں آنا ضروری نہیں‘ اگر اداروں کو ضرورت پڑے تو بلایا جا سکتا ہے‘ لوک ورثہ، پی این سی اے میں تمام کلچرل پروگرام منسوخ کر دیے گئے ہیں۔