کورونا کے تناظر میں جامعہ کراچی نے آن لائن کلاسز کا آغاز کردیا

199

کراچی (نمائندہ جسارت) کورونا وائرس سے بچائو کے تناظر میںجامعہ کراچی سمیت مختلف جامعات نے آن لائن کلاسز کا آغاز کردیا‘ طلبہ اپنے گھروں میں آن لائن کلاسز لے رہے ہیں‘ ا ن کلاسوں کا مقصد طلبہ کے تعلیمی نقصان کو بچانا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر جہاں کراچی سمیت ملک بھر میں تعلیمی ادارے بند اور تدریسی امور مکمل طور پر معطل ہے‘ ایسے موقع پر تعلیمی نقصان سے طلبہ کو بچانے کے لیے بعض جامعات نے آن لائن کلاسز کا آغاز کردیا ہے جس میںجامعہ کراچی بھی شامل ہے‘ جامعہ کراچی نے اپنے طلبہ کو تدریس کے لیے آن لائن سہولیات فراہم کردی ہیں۔ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر مجتبیٰ حیدر باقاعدہ تدریسی امور جاری رکھتے ہوئے آئن لائن کلاسز کا اہتمام کرا رہے ہیں۔ ڈاکٹر مجتبیٰ حیدر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے تعلیمی نقصان کو بچانے کے لیے آن لائن تدریس کی سہولیات مہیا کر دی گئی ہیں‘ اب طلبہ اپنے مقررہ وقت پر گھر پر ہی آن لائن کلاسز لے رہے ہیں۔ اس سے قبل عثمان انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے بھی کورونا وائرس کی وجہ سے تعلیمی نقصان سے طلبہ کو بچانے کے لیے آن لائن کلاسز کا آغازکیا تھا ۔ یو آئی ٹی آن لائن پورٹل کے ذریعے طلبہ تمام ترکلاسزگھربیٹھے لے کر تعلیم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر موجود آن لائن کورسز کا ڈیٹا بیس تیار کرکے جامعات کو فراہم کر دیا ہے تاہم جامعات کے اساتذہ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے کہ ورچوئل کورسز تیار کریں اور طلبہ تک ان کورسز کی رسائی ممکن بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، طارق بنوری نے کورونا وائرس کے بعد کی صورتحال کے حوالے سے اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو دی جانے والی گرمیوں کی چھٹیاں ان چھٹیوں کے ساتھ ایڈجسٹ کر لی جائیں گی اور اگر یہ صورتحال اسی طرح کشیدہ رہتی ہے تو آن لائن لیکچرز دینے کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ طلبہ کی تعلیم کا حرج نہ ہو۔