رجوع الی اللہ ہی کورونا وائرس ودیگر وبائوں کو ختم کریگا، اسحاق منصوری

135

کراچی (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ شعبہ تعلیم کے ناظم پروفیسر ڈاکٹر محمد اسحق منصوری نے علما کرام اور ماہرین تعلیم کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج انسانوں نے پوری زمین کو ظلم و ستم سے بھردیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں واضح طور پر خبردار کردیا ہے کہ وہ ایسی صورت میں ظالم انسانوں کے ساتھ پوری پوری آبادیوں کو کبھی قحط کبھی زلزلے اور کبھی وبائی امراض میں گرفتار کردیتا ہے تاکہ اس کے بندے ظلم و ستم سے توبہ کر کے اس کی طرف لوٹ آئیں۔ آج سب سے زیادہ ضرورت اس بات کی ہے کہ دنیا کے بڑے ادارے ، بڑے ممالک، ظالم حکمران ،ظالم سرمایہ دار ،کارخانے دار ،وڈیرے ،سردار، سیاسی لیڈر ز، عوام سب مل کر انفرادی اور اجتماعی طور پر اللہ تعالیٰ کے حضور گڑ گڑا کر توبہ کریں۔ اللہ تعالیٰ رحمن اور رحیم ہے وہ ضرور اپنے بندوں کی توبہ قبول کر کے کورونا وائرس سمیت بے شمار مصیبتوں سے اپنے بندوں کو نجات دینے کو تیار ہے۔