حیدرآباد میں میونسپل کمشنر فوری تعینات کیا جائے،دولت لوہانہ

200

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ اور چیمبر کی سب کمیٹی بلدیات کے کنوینر محمد الناصر نے اپنے مشترکہ بیان میں بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد میں میونسپل کمشنر کی فوری تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد جو پہلے ہی بحران کا شکار ہے اور اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام چلی آرہی ہے میونسپل کمشنر کے تبادلے کے بعد ان کا متبادل میونسپل کمشنر تعینات نہ کرنے سے صورتحال خراب ہوگئی ہے اور بلدیہ ملازمین کو تنخواہوں، لائونسزاور دیگر ادائیگیوں میں دشواری کا سامنا ہے جس سے ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں میونسپل کمشنر کو محکمہ بلدیات کی جانب سے بلدیاتی سطح پر ہائی جین کمیٹی کا سربراہ بھی مقرر کیا ہے یہ کام ان کی عدم موجودگی میں شدید متاثر ہوگا۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور چیف سیکرٹری سید ممتاز علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد میونسپل کمشنر کی تعیناتی فوری طور پر عمل میں لائی جائے تاکہ بلدیاتی امور میں رکاوٹ دور ہوسکے ۔