پی ایس اوکو پورٹ قاسم اتھارٹی کو 1.696 ارب کے واجبات ادا کرنے کی ہدایت

154

اسلام آباد(اے پی پی)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی ایس اوکو ہدایت کی ہے کہ ایل این جی کی درآمد پر بندرگاہ کے استعمال کے اخراجات کی مد میں پورٹ قاسم اتھارٹی کو 1.696 ارب روپے کے واجبات 10 مساوی قسطوں میں ادا کیے جائیں، ای سی سی نے پاکستان ریزز ریونیو پروگرام کے تحت ایف بی آر کے لیے 4.152 ارب روپے اور اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کے لیے 44.44 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دیدی ہے۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس بدھ کو کابینہ ڈویژن میں منعقد ہوا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزارت سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل کی جانب سے بیرون ملک روزگار کے لیے ٹاسک فورس اور سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے ضمن میں تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی گئی۔ ای سی سی نے 19 فروری 2019ء کو ہونے والے اجلاس میں سمندر پار روزگار کے وسائل کی تلاش اور سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری کی قیادت میں بین الوزارتی ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ٹاسک فورس کو اس سلسلے میں تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مل کر سفارشات اور تجاویز مرتب کرنے کی ذمے داری سونپی گئی تھی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی سیّد زلفی بخاری نے ای سی سی کو اس ضمن میں اہم ایشوز اور تجاویز کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس کے صدر نشین نے کمیٹی کی جانب سے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات کی تعریف کی۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کمیٹی کو بجٹ کے ایک ماہ بعد دوبارہ ای سی سی میں آنے اور کمیٹی کی جانب سے سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر مزید پیشرفت کے بارے میںتفصیلی بریفنگ کی ہدایت کی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان ریزز ریونیو پروگرام کے لیے 4.152 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی تاکہ ڈی ایل آئیز کے ضمن میں اہداف حاصل کیے جا سکیں اور اس ضمن میں بجٹ کے وسائل میں اضافہ بھی ممکن ہو سکے۔ ای سی سی نے اس سلسلے میں ایف بی آر کو آئندہ اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دینے کی ہدایت بھی کی۔