پاکستان نے پاک ۔چین مشترکہ اعلامیے پر بھارتی بیان مسترد کردیا

146

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان نے پاک۔چین مشترکہ اعلامیہ سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے ریمارکس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو اٹوٹ انگ قرار دینے سے متعلق بھارت کا دعویٰ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ نے پاک۔چین مشترکہ اعلامیے سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ امور کے تبصرہ کو مسترد کیا ہے اور کہا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ امور کے ترجمان کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دینا سلامتی کونسل کی قراردادوں کی واضح خلاف ورزی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ایک دیرینہ حل طلب تنازع ہے اور عالمی برادری گزشتہ 7دہائیوں سے یہ تسلیم کر چکی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ گزشتہ سال 5 اگست کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو کشمیری، پاکستان اور عالمی برادری مسترد کر چکی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور عالمی برادری حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیری عوام کیلیے آواز بلند کرتی رہے گی ۔پاکستان نے سی پیک کے خلاف بھارتی پروپیگنڈے کو یکسر مسترد کیا۔