افغانستان میں امریکی شکست سے نیا عالمی منظرنامہ ابھر رہا ہے، لیاقت بلوچ

160

لاہور( نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق رکن قومی ا سمبلی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکی شکست سے نیا عالمی منظر نامہ ابھر رہاہے ۔ روس اور چین امریکی شکست سے زیادہ نفع مند ہوں گے ۔ افغان طالبان اور امریکا خطے میں نئے اسٹریٹجک پارٹنر بن رہے ہیں ۔ امریکا خطے میں بھارت اور افغانستان کا اسٹریٹجک پارٹنر ہوگا تو سراسر پاکستان کے لیے خطرات بڑھیں گے ۔ان خیالات کا اظہا رانہوں نے عوامی اور نوجوانوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا ہے امریکا افغان طالبان معاہدے پر حکومت پاکستان نے ظاہر ی کریڈٹ لینے کی کوشش کی ۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت میں پاکستان کو پچکارا لیکن حالات پاکستان کے لیے نئی مشکلات لارہے ہیں ۔ حکومت پاکستان کی خارجہ پالیسی ناکام ہے ، عملاً کسی واضح سمت کے ساتھ کوئی خارجہ حکمت عملی نہیں ہے ۔ مسئلہ کشمیر اور افغانستان پر قومی پالیسی ، قومی قیادت کا اتفا ق رائے اور ملک کے اندر سیاسی ، پارلیمانی اور اقتصادی استحکام ناگزیر ہے ۔ عالم اسلام کے اتحاد کے لیے از سر نو پر عزم اور اعلیٰ مقاصد کے لیے جدوجہد پاکستان پر فرض ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان سیکولرازم ، لبرل ازم اور مغربی تہذیب کی یلغار کی زد میں ہے ۔ مغربی تہذیب کے سر پرست پوری دنیا ، بالخصوص اسلامی ممالک میں شیطانی تہذیب مسلط کر رہے ہیں ۔ عورت کی آزادی کے نعرے کی آڑ میں اسلام دشمنی کاایجنڈا بڑھایا جارہاہے ۔ پاکستان ، ترکی اور ایران میں باحیا ، باحجاب خواتین نے مغربی شیطانی تہذیبی ایجنڈے کو پسپا کیا ہے ۔ نئی نسل ، اسلامی تہذیبوں اور دو قومی نظریے کی حفاظت کے لیے مسلسل جدوجہد ناگزیرہے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ کورونا وائرس کو ڈھال بنا کر مغربی دنیا اپنا ایجنڈا بڑھانا چاہتی ہے ۔ اہل ایمان رجوع الی اللہ ، توبہ و استغفار اور اسلامی مصطفوی ؐ تہذیب کی جانب لوٹ آنے کا عزم کریں ۔