ٹنڈوالہٰیار،ادویات کی قیمتوں میں اچانک اضافہ،قلت کا خدشہ

142

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) کورونا وائرس کے پیش نظر ترسیل متاثر ہونے سے ادویہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، ادویہ ساز کمپنیوں اور ڈسٹری بیوٹرز کی جانب سے سپلائی رکنے سے قلت کا خدشہ منڈلانے لگا، مریض مہنگے داموں ادویات خریدنے پر مجبور ہوگئے۔ کورونا وائرس کی وبا دنیا کے کئی ممالک میں پھیلتی جارہی ہے، وہیں پاکستان میں بھی سیکڑوں مر یضوں میں اس کی تصدیق ہوچکی ہے، جس سے بچائو کے لیے اسکول کالج یونیورسٹیوں، شادی ہال، عوامی اجتماعات ودیگر پبلک مقامات پر عوام کے جم غفیر پر پابندیاں لگائی جاچکی ہیں جبکہ اندرونی وبیرونی آمدورفت پر بھی پابندیوں کی اطلاعات آرہی ہیں جس کی وجہ سے مختلف اشیا کی قلت پیدا ہونے کے خدشات بڑھتے جارہے ہیں۔ ٹنڈوالہٰیار شہر میں مختلف امراض جن میں ڈپریشن، بخار، جسمانی طاقت اور سینے کی تکالیف سمیت مختلف اینٹی بائیوٹک دوائوں کی قلت پیدا ہوتی جارہی ہے، شہری مذکورہ ادویات مقرر کردہ نرخوں سے کئی گنا قیمتوں پر خریدنے پر مجبور ہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر کیمسٹوں کا کہنا ہے کہ اینٹی بائیوٹکس ڈپریشن بخار، جسمانی طاقت ودیگر امراض میں استعمال ہونے والی ادویات کی نہایت قلت ہے۔ کمپنیاں اور ڈسٹری بیوٹرز ثمذ کورہ بیماریوں کی دوائیں ہی سپلائی نہیں کررہے ہیں جس کے سبب ہم مریضوں کو یہ ادویات فروخت کرنے سے قاصر ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف تو عوام کورونا وائرس سے خوف زدہ ہیں تو دوسری جانب مذکورہ بیماریوں کی ادویات کی قلت کا پیدا ہونا انتہائی خطرناک ہے، حکومت کو چاہییے کہ کورونا سے احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ ادویات کی قلت پر بھی دھیان دینا چاہیے تاکہ انسانی جان محفوظ رہ سکے۔