کورونا وائرس 150 سے زائد ملکوں میں پھیل چکا، سرور احمد قریشی

229

نوابشاہ (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سرور احمد قریشی جنرل سیکرٹری سردار احمد آرائیں اور شہر کے امیر فیصل ہمایوں نے کہا ہے کہ کورونا وائرس 150 سے زائد ملکوں میں پھیل چکا ہے ایسے وبائی امراض انسانوں کی بداعمالیوں کا نتیجہ ہوتا ہے جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہمارے لیے تنبیہ بھی ہے اور اس بات کا اظہار بھی ہے کہ اس کائنات کا مالک وہی ہے اور اس کے سامنے تمام انسان اور ٹیکنالوجی بے بس ہو جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ مسلمان کی حیثیت سے ہمارا یہ ایمان ہے کہ ایسے وبائی امراض سے استغفار، رجوع الی اللہ اور صدقات سے بچا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب خبروں سے یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ بلوچستان میں تافتان سے آنے والے زائرین کی صحیح طریقے سے مانیٹرنگ نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان میں کورونا کے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے جو کہ تشویشناک ہے اب بھی وفاقی وصوبائی حکومتیں بیان بازی کے بجائے اس مرض کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات کرے جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے لوگوں پر بھی زور دیا کہ وہ استغفار اور دعاوں کے علاوہ احتیاطی تدابیر اور حکومتی ہدایات پر بھی عمل کریں تاکہ اس موذی وبائی مرض پر قابو پایا جاسکے۔