کھانے پینے کی دکانوں کے سوا تمام دکانیں پانچ اپریل تک بند رہیں گی

211

جھڈو (نمائندہ جسارت) کورونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کے حوالے حکومت سندھ کی جانب سے کیے گئے فیصلے پر عملدر آمد کرتے ہوئے جھڈو کی انتظامیہ نے پولیس کی مدد سے کریانہ، گوشت کی دکانوں، میڈیکل اسٹوروں اور آٹا چکیوں کے علاوہ بقیہ تمام دکانوں کو بند کروا دیا۔ اس موقع پر بعض دکانداروں کی جانب سے مزاحمت بھی کی گئی، جبکہ چند ایک دکانداروں نے دکانیں بند کرنے کے بعد دوبارہ کھول لیں۔ بعد ازاں چیئرمین ٹائون کمیٹی کے آفس میں اسسٹنٹ کمشنر جھڈو آصف خاصخیلی کی جانب سے تاجروں اور دکانداروں سے بات چیت اور حکومتی فیصلوں سے اور عملدرآمد کے حوالے سے ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں تاجروں، دکانداروں اور جھڈو و نوکوٹ کے تاجر ایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مختار کار جھڈو علی نواز سموں، ڈی ایس پی سجان سنگھ ایس ایچ او عبدالمجید گورگیج، کونسلر محمد علی ناگوری امداد شاہ حاجی رفیق میمن بھی موجود تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر جھڈو آصف خاصخیلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کھانے پینے کی دکانوں کے علاوہ بقیہ تمام دکانیں پانچ اپریل تک مکمل بند رہیں گی اور حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو گرفتار کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کریانہ اسٹور، فروٹ شاپ، گوشت کی فروخت کی دکان میڈیکل اسٹور آٹا چکی جنرل اسٹور کھلے رہیں گے جہاں مجمع یارش لگانے کی قطعاً اجازت نہیں ہوگی، ایک وقت میں تین یا چار گاہک خریداری کرسکیں گے، اسی طرح سے کھانے پینے کی اشیا کی دکانیں کھل سکتی ہیں لیکن وہاں بیٹھ کر چیزیں کھانے کی سختی سے ممانعت ہوگی البتہ کھانے پینے کی اشیا پارسل کرکے ساتھ لے جانے کی سہولت ہوگی۔ اس موقع پر دکانداروں نے دہائی دی کہ حکومتی اقدام سے مہنگائی بڑھے گی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر ایک صحافی نے توجہ دلائی کہ یہ میٹنگ دکانداروں کے بہت بڑے اجتماع میں تبدیل ہوگئی ہے کورونا وائرس کے باعث اجتماع پر مکمل پابندی عائد ہے یہ اجتماع حکومتی احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، حکومتی اہلکار خودحکومتی احکامات اور فیصلوں کی خلاف ورزی کررہے ہیں تو دکانداروں سے کیونکر حکومتی احکامات پر عملدرآمد کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔