جنگلات کی 2600 ایکڑاراضی واگزار کرانے کی حکمت عملی تیارکی جاچکی ہے

160

کوٹری (پ ر) عدالت عظمیٰ کے احکامات پر عملدرآمد کرانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن (ر) فرید الدین مصطفی کی زیر صدارت ایک اجلاس کوٹری ضلعی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں محکمہ جنگلات، ریونیو اور بلدیہ افسران نے شرکت کی۔ ڈی سی جامشورو نے محکمہ جنگلات، ریونیو اور بلدیہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ عدالت عظمیٰ کے احکامات پر من وعن عملدرآمد کرنے کے ساتھ قانونی تقاضوں کو بھی پورا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی ملکیت کی منتقلی اور خرید وفروخت میں اراضی کے نرخ کا تعین کرنے کے لیے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کے فراہم کردہ پیرا کو فالو کرکے ازسر نو نرخ مقرر کیے جائیں تاکہ سرکاری خزانہ میں ٹیکس کی وصولی سے اضافہ ہوسکے۔ انہوں نے ریونیو افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اراضی کے نرخ کا تعین کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے، جس میں ریونیو، صنعتکار، بلڈرز اور آباد کے نمائندوں کو مدعو کرکے مشاورت لی جائے تاکہ حتمی فیصلہ کرنے سے قبل تمام اعتراضات کو دور کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں رجسٹریاں کرنے کے لیے قانونی طریقہ کار کو فالو کیا جائے، خلاف ورزی کرنے والے افسر کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس میں سب رجسٹرار کی عدم موجودگی پر ڈی سی جامشورو نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے غیر حاضری سے متعلق تحریری جواب داخل کرنے کا حکم دیا۔ فرید الدین مصطفی نے افسران کو کہا کہ وہ اپنی ذمے داریاں ایمانداری کے ساتھ ادا کریں، لوگوں کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کیے جائیں اگر کسی قسم کی شکایت موصول ہوئی تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس میں عدالت عظمیٰ کے احکامات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے جنگلات کی اراضی کو قابضین سے خالی کرانے سمیت غیر قانونی الاٹمنٹ کو منسوخ کرنے اور ریونیو ریکارڈ میں اندراج پر افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع جامشورو کے تین فاریسٹ ایریا میں 13900 ایکڑ اراضی کو قابضین سے خالی کرالیا گیا ہے۔ 2600ایکڑ اراضی پر کارروائی کے لیے حکمت عملی مرتب دی جاچکی ہے، قابضین کیخلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے مقدمات بھی درج کیے جارہے ہیں۔