پاکستان اور بھارت کے بغیر ٹیسٹ چیمپئن شپ بے کار ہے،وقار یونس

272

لاہور(جسارت نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اورسابق فاسٹ بولروقاریونس نے پاک بھارت میچز کے بغیرآئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا رنگ پھیکا قراردیدیا۔سابق کپتان اور قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے بھارتی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں کہاکہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 9ٹاپ ٹیمیں شریک ہیں،ہرملک کو دیگر کے ساتھ6 باہمی سیریز کھیلنا ہوں گی،حریفوں کا فیصلہ بورڈ کو اتفاق رائے سے کرنا ہوتا ہے، سیاسی تعلقات کشیدہ ہونے کے باعث بھارتی ٹیم کا پاکستان کے ساتھ کوئی میچ شیڈول نہیں۔وقاریونس نے کہا کہ حکومتی سطح پر مشکل صورتحال ہے لیکن آئی سی سی کو اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے،پاک بھارت مقابلوں کے بغیر ٹیسٹ چیمپئن شپ معقول بات نہیں لگتی۔وقاریونس نے مزید کہا کہ بطور بولنگ کوچ پاکستان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تجربات ان کی پالیسی کا حصہ ہیں، جو بولرز فارم میں ہوں ان کو بروقت موقع ملنا چاہیے،اس کا یہ مطلب نہیں کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی دکھانے والوں کو نظر انداز کردیا جائے۔