پی ایس ایل ،غیرملکی کرکٹرز اور براڈکاسٹرز کی وطن واپسی کا سلسلہ مرحلہ وار جاری

154

لاہور(جسارت نیوز) پی ایس ایل کے سیمی فائنلز اور فائنل ملتوی ہونے کے بعد غیرملکی کرکٹرز اور براڈکاسٹرز کی وطن واپسی کا سلسلہ مرحلہ وار جاری ہے۔ پی سی بی کی جانب سے پی ایس ایل کے سیمی فائنلز اور فائنل ملتوی کرنے کا باقاعدہ اعلان ہونے کے بعد غیرملکیوں کی بحفاظت گھروں کو روانگی کی تیاریاں شروع کردی گئی تھیں۔پی سی بی ذرائع کے مطابق 20سے زیادہ براڈ کاسٹرزعلی الصبح فلائٹس کنفرم ہونے پر چلے گئے تھے جبکہ باقی بچنے والوں کی فلائٹ طے ہے۔ پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی اور سکندر رضا واپس جاچکے ہیں۔کراچی کنگز کے غیرملکی کرکٹرز بھی واپس روانہ ہوگئے ہیں۔ ملتان سلطانز کے روی بوپارا انگلینڈ جاچکے، معین علی کی بدھ کی رات جوہانسبرگ کی فلائٹ سے روانہ ہوئے، عمران طاہر ایک دو روز میں جنوبی افریقا جائیں گے۔ بیرون ملک روانہ ہونے والوں نے پاکستان میں سیکورٹی انتظامات اور اپنے قیام کوشاندار جبکہ پی ایس ایل میچوں کو یادگار قرار دیاہے۔ دوبارہ پاکستان آکر کھیلنے کی تمنا کے ساتھ انہوں نے تمام پاکستانیوں کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیاہے۔