شدید پابندیوں میں سب سے بڑے منصوبوں کا افتتاح کیا‘ ایران

232

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ قوم نے 2019ء میں مصیبت کو عزیمت اور عزیمت کو فتح میں تبدیل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر شدید پابندیوں کے باوجود ہم نے سب سے بڑے منصوبوں کا افتتاح کیا، جو امریکا کے منہ پر زوردار طمانچے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا ظہار انہوں نے بدھ کے روز کابینہ کے اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر روحانی کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر نے گزشتہ 2 برس کے دوران ایران کے خلاف سخت ترین معاشی پابندیاں عائد کیں۔ مئی 2019ء سے ایرانی قوم، معیشت اور تیل کی صنعت کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالا گیا، جس کی وجہ سے قوم کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم نے نے کامیابی سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تیل کے بغیر مصنوعات کی برآمدات کرکے معیشت کا تجزیہ کیا اور تیل پر انحصار کیے بغیر ملک کو کامیابی سے چلایا۔ ایرانی صدر نے مزید کہا کہ 2019ء ہی میں ایران میں پہلی بار گیس کی یومیہ پیداوار ہزار ملین کیوبک میٹر تک پہنچ گئی اور ہم گیس کی پیداوار کے شعبے میں دنیا کے سب سے ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہیں۔اس دوران ایران نے 43 ارب ڈالر مالیت کی مصنوعات درآمد کیں اور ساتھ ہی ایرانی برآمدات کی شرح مالیت 41 ارب ڈالر تک لے گئے جب کہ ضروری مصنوعات کی درآمدات میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 19 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔