حسین محنتی کی الیکشن کمشنر سندھ سے ملاقات‘ بروقت بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ

616
کراچی: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی کی قیادت میں وفد الیکشن کمشنر سندھ سے ملاقات کررہا ہے، حافظ طاہر مجید بھی موجود ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے وفد نے صوبائی امیرمحمد حسین محنتی کی قیادت میں چیف الیکشن کمشنر سندھ محمد جاوید خان آفریدی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ جماعت اسلامی کے وفد نے الیکشن کمشنرکی سندھ میں درست ووٹر لسٹ کی تیاری، زمینی حقائق و عدل و انصاف پر مبنی حلقہ بندیوں سمیت دیگر بلدیاتی مسائل کی جانب توجہ مبذول کرائی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔جماعت اسلامی کراچی کے ناظم انتخاب راجا عارف سلطان ،حیدرآباد کے امیر انجینئر طاہر مجید اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا وفد میں شامل تھے۔ صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ صوبے کی تعمیر ترقی اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے بلدیاتی ادارے بڑی اہمیت رکھتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بلدیاتی اداروں کو مالی اور انتظامی اختیارات دے کر بنیادی مسائل کے حل کی طرف پیش رفت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے سیاست کو عبادت سمجھ کر ملک و قوم کی خدمت کی ہے۔ سابق میئر عبدالستار افغانی، سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان سے لے کر 2 مرتبہ سینئر وزیر خیبر پختونخوا رہنے والے موجودہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کردار پوری قوم کے سامنے ہے۔ جنہوں نے ہمیشہ اپنی ذات کو پیچھے رکھ کر قومی مفاد اور خدمت، دیانت و امانت کے نعرے کے تحت اپنے فرائض بحسن خوبی سر انجام دیے ہیں۔ جماعت اسلامی کے وفد نے سندھ میں بروقت شفاف و غیر جانبدار بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ الیکشن کمشنرسندھ نے جماعت اسلامی کے وفد کا خیر مقدم کیا اور تعاون کا یقین دلایا۔