حکومت میڈیا کو اپنے اشاروں پر چلانا چاہتی ہے، امیر العظیم

294
راولپنڈی: جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم ضلع راولپنڈی کے ذمے داران سے خطاب کررہے ہیں

لاہور( نمائندہ جسارت) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم نے کہاہے کہ گزشتہ حکمرانوں کی طرح تحریک انصاف کی موجودہ حکومت کی بھی یہی خواہش ہے کہ میڈیا ان کے اشاروں پرچلے ان کے بلنڈرزکوبے نقاب نہ کرے جس سے ان کی سبکی ہوتی ہے لیکن ایسا کسی صورت قابل قبول نہیں ۔ آئینی تقاضوں کے مطابق اظہاررائے کی آزادی کوبرقراررہنا چاہیے میڈیا کوپابندیوں میں جکڑنے سے وفاقی وصوبائی حکمران اپنی نااہلی چھپا نہیں سکتے۔ ایسی پابندیاں کسی صورت قابل قبول نہیں ،جماعت اسلامی ایسے اقدامات کے خلاف میڈیا کی پشتیبان ہے ، جمہوری طرز عمل کی حوصلہ شکنی سے سیاسی بحران میں بدترین اضافہ ہوگا ریاستی اداروں کی جمہوری شناخت برقراررہنی چاہیے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی راولپنڈی کے ضلعی ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرامیرضلع راجا محمدجواد،ضلعی سیکرٹری سیدامجدحسین شاہ ،نائب امیرضلع چودھری عطا ربانی و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ امیرالعظیم نے کہاکہ کسی ایک میڈیا گروپ کودیوارسے لگایا گیا ہے اگراسے یہاں نہ روکا گیا تویہ سلسلہ بڑھ سکتا ہے ، ہم قومی دولت لوٹنے والے بدعنوان عناصر کا احتساب چاہتے ہیں لیکن اپنے مفادات کے لیے کسی ایک گروہ کوٹارگٹ کرنا کسی طورمناسب نہیں ،ہم چاہتے ہیں حکومت واپوزیشن، بیوروکریٹس اورکاروباری شخصیات سمیت ہراس فرد کااحتساب کیا جائے جس نے ملکی دولت کولوٹا اوراپنے اختیارات کاناجائز استعمال کیا ۔اجلاس کے دوران مرکزی سیکرٹری جنرل نے ضلعی تنظیمی صورتحال کا جائزہ لے کرذمے داران کو بلاک کوڈ سطح تک تنظیم مضبوط کرنے کی ہدایت کی۔