ن لیگ کورونا پر بھی سیاسی دکان لگانے سے باز نہ آئی، فردوس عاشق

246

اسلام آباد(آن لائن+اے پی پی)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلا عات و نشریا ت ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کوروناوائرس جیسے حساس مسئلے پر بھی سیاسی دکان لگانے سے باز نہ آئی،یہ قومی مسئلہ ہے، ایک ہوکر اس وائرس کو شکست دینی ہے۔ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ عوام کے تحفظ، مفاد اور سلامتی کے لیے اٹھائے گئے عمران خان کے بروقت اقدامات کی گواہی دنیا دے رہی ہے، عالمی ادارہ صحت کا بیان اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ کو عوام کا درد اور احساس ہوتا تو آزمائش کی اس گھڑی میں آپ کی قیادت اپنے ہم وطنوں کے ساتھ کھڑی ہوتی۔انہو ں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کا واویلا مچانے کے بجائے فارن اکاؤنٹ رکھنے والی فارن میں بیٹھی اپنی قیادت کو پاکستان آنے کی اپیل کریں،(ن) لیگ نے ہمیشہ بیرون ملک مقیم محب وطن پاکستانیوں پر وار کیا جو پاکستان اپنا پیسہ بھجواتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کا عمران خان کی قیادت پر اعتماد ہے ۔انہوںنے مزید کہا کہ احسن اقبال صاحب کاش آپ ان کے خلاف آواز بلند کرتے جنہوں نے پاکستان کے عوام کی جیبیں کاٹیں اور لندن فرار ہوگئے، منی لانڈرنگ کی اور پاکستان سے پیسہ باہر بھجوایا، اتحاد اور یکجہتی وقت کا اہم تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے اپوزیشن کوروناوائرس کے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی کاوشوں کو تقویت دے۔علاوہ ازیں بدھ کومزید ایک ٹوئٹ میںڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو ذخیرہ اندوزوں، ناجائز منافع خوروں کی نشاندہی اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کے حوالے سے اقدامات کی ہدایت کی ہے ، اس مشکل صورتحال میں جو لوگ ذخیرہ اندوزی کے مرتکب ہورہے ہیں ان کو بے نقاب کیا جائے گا۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ڈیرہ غازی خان کے سینٹرل کنٹرول روم میں ایران سے آنے والے زائرین کے لیے قرنطینہ میں کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ،قرنطینہ مرکز میں زائرین سے ان کی خیریت دریافت کی اور پنجاب میں کو رونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے صوبے میں کو رونا وائرس کے حوالے سے صورتحال پر بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ہر روز مقررہ اوقات میں لوگوں کو آگاہ کیا جائے کہ صورتحال پر قابو پانے کے حوالے سے کیا انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ لوگوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں اور انہیں اس حوالے سے مستقل آگاہ کیا جائے۔ وزیر اعظم نے پناہ گاہوں میں ڈیلی ویجرز کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی اسکریننگ کے انتظامات کی بھی ہدایات دیں ۔