چیف الیکشن کمشنرنے عدالتی کارروائی 2 ہفتوں کے لیے معطل کردی

164

اسلام آباد (آن لائن+اے پی پی) چیف الیکشن کمشنر آف پاکستانسکندر سلطان راجا نے کورونا وائرس پھیلنے کے پیش نظر عدالتی کارروائی 2 ہفتوں کے لیے معطل کرنے کی ہدایت کردی۔ الیکشن کمیشن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ کورونا وائرس سے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبائی اور علاقائی دفاتر میں خدمات سر انجام دینے والے عملے کو بھی وائرس کے خلاف تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔علاوہ ازیں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے بدھ کو الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا۔ الیکشن کمیشن نے اب تک الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا اور بلدیاتی انتخابات کے فوری انعقاد کے لیے ضروری احکامات جاری کیے۔ الیکشن کمیشن کو صوبائی الیکشن کمشنروں اور ڈاکٹر نعیم چودھری ایڈیشنل ڈی جی ملٹری لینڈ وکنٹونمنٹ بورڈ نے مکمل بریفنگ دی۔ اجلاس میں کنٹونمنٹ بورڈ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا تاہم پنجاب و خیبر پختونخوا کی حکومتوں کی طرف سے حلقہ بندیوں کے لیے درکار نقشہ جات و دیگر ضروری دستاویزات کی عدم فراہمی پر الیکشن کمیشن نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب و خیبر پختونخوا کو ایک بار پھر مطلوبہ دستاویزات/نقشہ جات کی جلد فراہمی کے لیے خطوط جاری کیے جائیں تاکہ جلد از جلد صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن کیا جا سکے۔