اقوام متحدہ نے 184 لاپتا پاکستانیوںکی توثیق کردی

168

اسلام آباد (اے پی پی) لاپتا افراد سے متعلق اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ نے حکومت پاکستان کی طرف سے جنیوا میں وزارت خارجہ اور پاکستانی مشن کے ذریعے جمع کرائے گئے جواب کو سراہا ہے اور پاکستان سے متعلق مقدمات کی فہرست میں سے 184 کی توثیق کر دی ہے۔ لاپتا افراد سے متعلق اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کا اجلاس 10 تا 14 فروری جنیوا میں ہوا جس میں وزارت خارجہ کی طرف سے بھیجی گئی رپورٹس پیش کی گئیں۔ وزارت خارجہ کی جانب سے فراہم کی گئی معلومات سے پتا چلتا ہے کہ اجلاس کے دوران ورکنگ گروپ نے کمیشن کی جانب سے وزارت خارجہ کے ذریعے ورکنگ گروپ کو بھیجی گئی معلومات کی بنیاد پر پاکستان سے متعلق مقدمات کی فہرست میں سے 184 کی توثیق کر دی ہے۔ لاپتا افراد کمیشن کے سربراہ جسٹس جاوید اقبال اقوام متحدہ کی جانب سے کمیشن کو بھیجے گئے مقدمات پر خصوصی توجہ دے کر عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص اجاگر کرنے کو اہمیت دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ لاپتا افراد کمیشن نے کئی لاپتا افراد کو تلاش کیا ہے جن کے کیسز اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کو بھیجے گئے تھے۔ اسی طرح ان لوگوں کے کیسز بھی نمٹائے گئے ہیں جن کے بارے میں اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی جانب سے بھیجی گئی معلومات ناکافی اور نامکمل تھیں اور ان کے اہلخانہ کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا۔