پاکستان :پہلی ’’کورونا ٹیلی میڈیسن ویب پورٹل اور کورونا موبائل ایپ ‘‘ کا افتتاح

664

لاہور(نمائندہ جسارت)گور نر پنجاب چودھری محمد سرورنے انسداد کورونا کے لیے پاکستان کی پہلی ’’کورونا ٹیلی میڈیسن ویب پورٹل اور کورونا موبائل ایپ ‘‘ کا افتتاح کر دیا ،کور ونا کے شکارغریب افراد کی مالی امداد اور ان کو راشن کی فراہمی کے لیے ’’کوروناایمرجنسی فنڈ ‘‘بھی قائم کر دیا گیا، پہلے ہی روزکورونا فنڈز میں 20ملین روپے سے زاید کے فنڈز جمع ہو گئے،اخوت فائونڈیشن نے کورونا سے متاثرہ افراد کے خاندانوں کو فری راشن کی فراہمی کا اعلا ن بھی کر دیا ، پنجاب ڈیولپمنٹ نیٹ ورک میں 40سے زاید این جی او ز بھی کورونا کے مر یضوں کے لیے مفت اور ان کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی کے لیے کام کر یں گی،ینگ ڈاکٹر زایسوسی ایشن پنجاب نے 150ڈاکٹرز کی خدمات کورونا میڈیسن ویب پورٹل کے حوالے کر دیں ۔بدھ کو گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور میں انسداد کورونا کے لیے پاکستان کی پہلی ’’کورونا ٹیلی میڈیسن ویب پورٹل اور کورونا موبائل ایپ‘‘ کا افتتاح کیا۔گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ کورونا کو شکست دینے کے لیے عوام غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔