ملازمین کے تحفظ کیلیے سینیٹائزرز نصب کیے جارہے ہیں‘ ایم ڈی واٹر بورڈ

134

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹراسداللہ خان کی ہدایات پر واٹربورڈ کے دفاتر اور تنصیبات پرادارے کے ملازمین کے کورونا وائرس سے تحفظ کیلیے سینیٹائزرز نصب کیے جارہے ہیں ،ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے تمام شعبہ جات کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے دفاتر اورتنصیبات میں حکومت سندھ کی جانب سے جاری کورونا وائرس سے بچاؤ کی ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں ، دفاتر میں سینیٹائزرز کی تنصیب اور ملازمین کے ماسک پہننے کو یقینی بنائیں ، تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان کی ہدایات پر ڈی ایم ڈی فنانس وآرآرجی محمد ثاقب، ڈی ایم ڈی کے اسٹاف آفیسر ندیم کرمانی نے دیگر افسران کے ساتھ واٹربورڈ کے مختلف دفاتر میں سینیٹائزرز کی تنصیب کے عمل کا معائنہ کیا ،انہوں نے ماتحت عملے کو ہدایت کی کہ جلد از جلد واٹربورڈ کے دیگر دفاتر اور تنصیبات پر بھی سینیٹائزرکی تنصیب کا عمل مکمل کرلیا جائے ،انہوں نے کہا کہ واٹربورڈ کے تمام ملازمین شہر اور ادارے کا قیمتی اثاثہ ہیں ،اس کٹھن وقت میںبھی شہریوں کو پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کی سہولیا ت پہنچانے کیلیے اپنے فرائض تندہی سے انجام دے رہے ہیں۔