عمران خان نے سابق حکمرانوں کی طرح عافیہ کیلیے کچھ نہیں کیا‘فوزیہ صدیقی

390

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ سے یکجہتی کے اظہار کیلیے ہیومین رائٹس کونسل آف پاکستان (HRCP) کے چیئرمین جمشید حسین نے ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پراحسان نواب، اویس قرنی اور محمد ایوب بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ آصف علی زرداری اور میاں محمد نوازشریف کی حکومت کی طرح عمران خان کی حکومت کی جانب سے بھی ڈاکٹر عافیہ کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کیلیے باضابطہ طور پر خط لکھنا ضروری ہے مگرعمران خان کی حکومت میں بھی ’’579 دن‘‘ گزرگئے اور عافیہ کی رہائی کیلیے اب تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیاہے۔پوری قوم ہر اہم موقع پر اور مختلف انداز میں حکومت اور ارباب اختیار کو ان کا یہ دینی، اخلاقی اور آئینی فریضہ یاد دلاتی رہتی ہے۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے عورتوں کے عالمی دن کے موقع پر ہیومین رائٹس کونسل آف پاکستان کے سیمینار میں ڈاکٹر عافیہ کو یاد رکھنے اور اظہار یکجہتی کیلیے گھر تشریف لانے پر جمشید حسین اور دیگر مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔ جمشید حسین نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو یقین دہانی کرائی کہ عافیہ کی رہائی کیلیے عافیہ موومنٹ کے شانہ بشانہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔