ماسک ‘ ادویات اور اشیائے ضروریہ کو ئی کمی نہیں‘ کاشف چودھری

166

اسلام آباد (نمائندہ جسارت ) مر کزی تنظیم تا جران پاکستان کے صدر محمد کاشف چودھری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے وزیر اعظم کا خطاب مایوس کن تھا ،کوروناوائرس کا اتنا خوف و ہراس پھیلا دیا گیاہے کہ دنیا کے ہر ملک میں مرنے والوں کی تعداد دن میں درجنوں بار بتائی جاتی ہے ، جس سے ملک میں افرتفری پھیل رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق ماسک ‘ ادویات اور اشیائے ضروریہ کی ملک میںکو ئی کمی نہیں عوام کسی بھی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں ، کورونا وائرس کے حوالے سے ملک بھر کی تا جر برادری حکو مت کے شانہ بشانہ ہے اور ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کی مار کیٹ ایسوسی ایشن کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔انہوںنے کہا کہ شہری کورونا سے خوف زدہ ہونے کے بجائے اللہ سے رجوع اور توبہ و استغفار کو اپنا معمول بنائیں ، حکومت وعظ و نصیحت کے بجائے کورونا سے بچاؤ کے لیے عملی اقدامات پر توجہ دے، کورونا وائرس کی تشخیص ، علاج اور عوامی آگاہی کے حوالے سے نااہلی کا مظاہرہ دیکھنے میں آرہاہے ، حکومت خود اعتراف کر رہی ہے کہ اب تک سامنے آنے والے کیسز وہ ہیں جو مختلف ممالک سے پاکستان میں پہنچے ہیں لیکن اب تک حکومت کورونا سے متاثر لوگوں کی ملک میں آمد کو روک سکی ہے نہ اسکریننگ کا بااعتماد نظام قائم کیا جاسکا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عوام کے اندر زیادہ خوف و ہراس حکومت کی نااہلی اور بے خبری کی وجہ سے پھیلا ہے۔