کورونا وائر س بڑھنے کا خدشہ‘ الخدمت رضاکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

607
کراچی: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اعجاز اللہ خان ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے سندھ سلمان شاہ سے ملاقات کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) الخدمت کے شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے کوروناوائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر تمام رضاکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات دے دیں۔الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اعجاز اللہ خان نے ڈائریکٹر جنرل پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ سلمان شاہ اور ڈائریکٹر آپریشنز، شفیق احمد شیخ سے ملاقات کی اورکورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں پی ڈی ایم اے سندھ کی تیاریوں اور ریلیف و ریسکیو آپریشن میں الخدمت کی معاونت سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ۔اعجاز اللہ خان نے الخدمت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہا نی کرادی ۔قبل ازیں الخدمت کر اچی کے ایگز یکٹو ڈائریکٹرراشد قریشی اورڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ فواد شیروانی کی ہدایت پرپاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ کے ڈائریکٹر آپریشنز شفیق احمد شیخ سے ملاقات کی گئی ۔ملاقات میں سرفرازشیخ ،مصعب بن خالداور شہزاد خلیل موجودتھے ۔ اس موقع پر پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے الخدمت کے رضاکاروں کا تعاون طلب کیا گیا ،جس پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی جانب سے اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔سرفراز شیخ کا کہنا تھا کہ الخدمت کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے سندھ سے ہر ممکن تعاون کرے گی اور اس سلسلے میں سندھ بھر کے تمام رضاکاروں کوالرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔