حکومت کے پاس کورونا سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں‘ شہباز شریف

207

لندن (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کورونا وائرس اور معیشت کے بڑھتے خطرات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو ٹیسٹ کرانے سے منع کرنے کا مطلب ہے کہ حکومت کے پاس کورونا سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں‘ کوئی بھی ذی شعور شخص ٹیسٹ نہ کرانے کی بات نہیں کرسکتا‘ علامات پر ٹیسٹ نہ کرائے تو ابتدائی مرحلے پر اس وبا کو کیسے روکا جائے گا؟ حکمرانوں کا معیشت اور کورونا کے مقابلے کیلیے ایک ہی انداز اور رویہ ہے‘ کورونا اور معیشت کا خطرہ ملکی سلامتی اور عوام کی بقا کے لیے سنگین تر ہوتا جا رہا ہے‘ اسپتالوں میں انتظامات پورے ہوتے تو عمران نیازی ٹیسٹ نہ کرانے کی بات نہ کرتے۔ ان خیالات کا اظہار شہباز شریف نے بدھ کو سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تفتان واقعے کی تحقیقات کرائی جائے‘ مسافروں کو بغیر اسکریننگ کیوں جانے دیا گیا؟ مناسب طبی اور رہائشی انتظامات کیوں نہیں کیے گئے؟ شہریوں کو جن حالات میں ایک ہی جگہ بھیڑ، بکریوں کی طرح رکھنا انتہائی قابل مذمت اور قابل افسوس ہے۔