صوبہ ہزارہ کے قیام کیلیے وفاقی وزیراعظم سواتی کی رہائش گاہ پر اجلاس

368

مانسہرہ(اے پی پی)صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم خان سواتی کی رہائش گاہ پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ہزارہ کو صوبے کا درجہ دلانے کے لیے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر عمر ایوب خان، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری صالح محمد خان، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پرنس نواز خان الائی، چیئرمین قائمہ کمیٹی علی خان جدون، صوبائی وزراء قلندر خان لودھی،اکبر ایوب خان،رکن صوبائی اسمبلی دیدار خان، مفتی عبیداﷲ، سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان، چیئرمین ڈیڈک کمیٹی ہری پور ارشد ایوب خان اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبہ ہزارہ کے حق میں قومی اسمبلی، سینیٹ اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں قراردادیں لانے، آئینی و قانونی ترامیم کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور ہزارہ کو الگ صوبے کا درجہ دلوانے کی متفقہ طور پر حکمت عملی بھی طے کی گئی۔رکن قومی اسمبلی علی خان جدون نے کہا کہ صوبہ ہزارہ جلد حقیقت کا روپ دھارے گا، صوبہ ہزارہ کے لیے ہزارہ وال قوم نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں جن کا نعم البدل صوبہ ہزارہ ہی ہو گا۔انہوں نے کہا کہ صوبہ ہزارہ ایک کروڑ افراد کا مطالبہ ہے، تحریک انصاف کی حکومت ان شااﷲ صوبہ ہزارہ کو عملی جامع پہنائے گی، صوبہ ہزارہ کے لیے ہزارہ کے عوام نے اپنی جانوں تک کی قربانیاں پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ ہزارہ وقت اور عوام کی ضرورت بن چکا ہے، اس مقصد کے لیے ہزارہ کے عوام کی جدوجہد دہائیوں پر مشتمل ہے۔