چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس

244

لاہور(نمائندہ جسارت) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس مامون رشید شیخ کے اعزاز میں بدھ کو عدالت عالیہ میں فل کورٹ ریفرنس منعقدہوا، جس میں عدالت عالیہ لاہور کے ججز، لاء افسران اور وکلاء عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹسجسٹس مامون رشید شیخ نے کہاکہ ہمارے ججز پر مقدمات کا بڑا بوجھ ہے ،روایتی انداز سے اتنے مقدمات کے فیصلے ناممکن ہیں،ہمیں جدید طریقوں کو اپنانا ہوگا،فل کورٹ میں موجود تمام ججز اور وکلاء برادری کا مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ بطور چیف جسٹس مختصر عرصے میں وکلاء، ججز اور سائلین کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے۔نامزد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان نے فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چیف جسٹس مامون رشید شیخ نے مختصر عرصے میں صوبے کی عدلیہ کے لیے بہترین اقدامات کیے،انہوں نے بطور جج بہترین فیصلے دیے جوعدالتی نظیر کی حیثیت بھی رکھتے ہیں ۔نامزد چیف جسٹس نے واضح کیاکہ چیف جسٹس کے معیاری انصاف کی فراہمی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کا تسلسل جاری رہے گا۔